کاروار5؍مئی (ایس او نیوز) نیشنل ہائی وے 66پر توسیعی منصوبے کا کام شروع ہونے کے بعدضلع شمالی کینرا میں گزشتہ 2سال کے دوران جملہ 978حادثات ہوئے جس کی وجہ سے136افراد ہلاک ہوگئے۔کُل 720افرادان حادثوں میں معمولی طور پر زخمی ہوئے ہیں جبکہ225 افرادکو سنگین چوٹیں آئیں۔یہ اعداد وشمار منگلورو میں واقع نیشنل ہائی وے ڈیولپمنٹ اٹھاریٹی کے دفتر سے فراہم کیے گئے ہیں۔
ضلع شمالی کینرا میں 2016 میں شاہراہ کے توسیعی منصوبے پر عمل شروع ہواتھا اورایک اندازے کے مطابق ابھی تک صرف 50فیصد ہی توسیعی کام کی تکمیل ہوئی ہے۔ اور اس دوران مختلف اسباب سے پیش آنے والے حادثات میں ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کی تعداد کودیکھتے ہوئے لوگ اس بات سے مزید خوفزدہ ہوگئے ہیں کہ ہائی وے کی توسیع مکمل ہونے تک اور نہ جانے کتنے حادثے ہونگے اورکتنے لوگ اپنی جانیں گنوائیں گے۔
عوام کا احساس ہے کہ زیادہ تر حادثات کا سبب بے ترتیبی اور غیر سائنٹفک انداز میں تعمیری کام کرنا ہے۔ اس میں توسیعی منصوبے کی ٹھیکیدارممبئی کی آئی آر بی کمپنی کی غفلت اور بے پروائی کا بھی بڑا ہاتھ ہے۔کیونکہ ٹھیکیدار کمپنی کی طرف سے ان مقامات پر احتیاط برتنے کے لئے مناسب بورڈس نہیں لگائے گئے ہیں جہاں پر تعمیری کام اور کھدائی وغیرہ ہورہی ہے۔ ہر دوسرے تیسرے دن سڑک پر موٹر گاڑیوں کی آمد ورفت کا رخ موڑ دیا جاتا ہے ، اس ڈائیورژن کے بارے میں گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو پہلے اطلاع نہیں رہنے کی وجہ سے بھی اکثر وبیشتر حادثات واقع ہورہے ہیں۔